نئی دہلی، 29/جون (ایس او نیوز/ایجنسی) پورے ملک میں تزک و احتشام اور پورے جوش و خروش کے ساتھ آج جمعرات سے عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے، آج پہلے دن کئی شہروں میں بارش کی بنا پر عیدگاہ کے بجائے جامع مساجد میں عید کی دوگانہ ادا کی گئی گئیں بلکہ دیگر شہروں میں عیدگاہ میدانوں میں فرزندان توحید نے عید کی نماز پڑھی۔
پورے ملک میں پُرامن ماحول میں عید منائی جارہی ہے ، ملک کی راجدھانی دہلی میں کچھ مقامات پر بارش ہونے کی خبر ملی، لیکن عید کی نماز میں زیادہ رخنہ پیدا نہیں ہوا۔ تاریخی جامع مسجد میں ہر بار کی طرح نماز میں بوڑھے، جوان اور بچوں کا جم غفیر شامل ہوا۔ نماز کے بعد ملک میں امن و امان اور خیر سگالی و بھائی چارہ کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ بعد ازاں بڑے اور بچوں نے گلے مل کر سبھی کو عید کی مبارکباد پیش کی۔
بہار کی راجدھانی پٹنہ سمیت کئی مقامات پر بارش کی وجہ سے عید کی نماز پڑھنے عیدگاہ یا مسجد جانے والے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کہیں رک رک کر تو کہیں تیز بارش کی خبریں سامنے آ ئی۔ اطلاعات کے مطابق پٹنہ کے گاندھی میدان میں بارش کی وجہ سے عید کی نماز کینسل ہو گئی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ مساجد میں نماز پڑھنے کے لیے لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھی گئی۔ کچھ مساجد میں نماز کے لیے دوسری جماعت کا بھی انتظام کیا گیا۔
اتر پردیش میں کچھ مقامات پر موسم خوشگوار رہا جبکہ کچھ ضلعوں میں گرمی اور تپش کے درمیان عید کی نماز ادا کی گئی۔ کرناٹک، راجستھان، جموں و کشمیر، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، آندھرا پردیش، تلنگانہ، ہریانہ وغیرہ میں بھی آج عید الاضحیٰ کے پہلے دن فجر کی نماز کے ایک دو گھنٹوں بعد عید کی نماز پرامن ماحول میں پڑھی گئیں۔
یاد رہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے اللہ کی بارگاہ میں تسلیم ورضا کا اظہار کرتے ہوئے قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔ یہ عمل اللہ تعالٰی کو اتنا پسند آیا کہ اللہ تعالیٰ نے اسے قیامت تک کے لیے اُمتِ محمدیہ ﷺ کے لئے بطورعبادت لازم قرار دے دیا۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر مسلمان اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی پیش کرتے ہیں، چار دنوں تک چلنے والی یہ عید اتوار تک جاری رہے گی۔